پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق اے کیٹگری کرکٹرز کو ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کا معاوضہ ساڑھے تین لاکھ روپے دے رہا ہے جبکہ ون ڈے کھیلنے کی میچ فیس تین لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کا معاوضہ ڈھائی لاکھ روپے ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال مارچ میں انیس کرکٹرز کو چھ ماہ کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے جو جنوری سے مؤثر سمجھے گئے تھے اور جن کی مدت تیس جون کو ختم ہونے والی ہے۔جن سات کرکٹرز کو اے کیٹگری دی گئی ان کے نام مصباح الحق، یونس خان، شاہد آفریدی، شعیب اختر، عبدالرزق، عمرگل اور کامران اکمل ہیں۔ان میں سے شعیب اختر اور شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔سینٹرل کنٹریکٹ کےتحت بی کیٹگری میں چھ کرکٹرز عمراکمل، احمد شہزاد، محمد حفیظ، عبدالرحمن، سعید اجمل اور وہاب ریاض ہیں۔بی کیٹگری کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی فیس تین لاکھ روپے، ون ڈے کی ڈھائی لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کی دو لاکھ روپے ملتی ہے۔اسی طرح سی کیٹگری میں شامل کرکٹر کی ٹیسٹ میچ فیس ڈھائی لاکھ روپے ہے جبکہ ون ڈے کا معاوضہ دو لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کا ڈیڑھ لاکھ روپے ہے۔چھ کرکٹرز توفیق عمر، اسد شفیق، اظہرعلی، عدنان اکمل، تنویراحمد اور جنید خان کو سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری دی گئی۔سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کرکٹرز کو ماہانہ ڈھائی لاکھ روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک ریٹینرشپ بھی ملتی ہے۔سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کپتان کو ٹیسٹ میچ میں پچاس ہزار روپے اور ون ڈے میں پچیس ہزار روپے سپیشل الاؤنس کی مد میں دیے جاتے ہیں۔کپتان کو غیرملکی دورے میں انٹرٹینمنٹ الاؤنس کی مد میں ہر ہفتے دو سو پچاس ڈالرز جبکہ نائب کپتان کو سو ڈالرز ملتے ہیں۔انعامی رقم کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ میں مساوی تقسیم ہوتی ہے البتہ مین آف دی سیریز کی رقم کا پچھتر فیصد حصہ کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں تقسیم ہوتا ہے اور پچیس فیصد حصے کا حقدار مین آف دی سیریز کرکٹر خود ہوتا ہے۔طے شدہ میچ کسی وجہ سے ختم کردیا گیا ہو تو ٹیم کو میچ فیس کا نصف ملتا ہے۔ہوم سیریز کے دوران ڈیلی الاؤنس پانچ ہزار روپے ہے ملک سے باہر یہ الاؤنس ایک سو ڈالرز ہے جبکہ انگلینڈ میں کھیلنے کی صورت میں کرکٹر کو ملنے والا ڈیلی الاؤنس ایک سو پچاس ڈالرز ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ جیتنے کی صورت میں ون بونس کا فارمولا بھی وضح کیا ہے جس کے تحت بھارت یا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کی تین صف اول ٹیموں میں سے کسی کو بھی ہرانے کی صورت میں میچ فیس کا سو فیصد بونس مقرر ہے جبکہ ون ڈے میچ میں یہ دو سو فیصد ہے۔پڑوسی ملک بھارت میں کرکٹرز کو ملنے والی میچ فیس پاکستان سے بہت زیادہ ہے۔
ایک بھارتی کرکٹر کو ٹیسٹ میچ کھیلنے کا معاوضہ سات لاکھ روپے ملتا ہے۔ ون ڈے کی میچ فیس چار لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی دو لاکھ روپے ہے۔
Comments
Post a Comment