Skip to main content
زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہء نیوزی لینڈ پر پابندی ختم

نیوزی لینڈ کی حکومت نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اس نے افریقی ملک زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویلنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فی الحال زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے ایک دورے کی منظوری دے دی گئی ہے اور عملی طور پر اس افریقی ملک سے آنے والی کھلاڑیوں کی ٹیموں پر عائد عمومی پابندی مستقبل میں استثنائی طور پر ختم کر دی جائے گی۔زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کا اگلے سال نیوزی لینڈ کا ایک دورہ پہلے سے طے ہے، جو گیارہ سال بعد پہلا موقع ہو گا کہ زمبابوے کی ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ مرے میکلّی کے بقول حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کے اس دورے کی راہ میں کوئی رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔زمبابوے کی ٹیم کے دوروں پر پابندی کئی سال پہلے اس لیے لگائی گئی تھی کہ اس اقدام کے ذریعے اس افریقی ریاست میں طویل عرصے سے بر سر اقتدار صدر رابرٹ موگابے کی حکومت کی طرف سے وہاں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی عملی طور پر مخالفت کی جا سکے۔مرے میکلّی کے مطابق اگلے سال نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل زمبابوے کے کھلاڑیوں اور ٹیم کے ساتھ آنے والی انتظامیہ کو ویزوں کے اجراء کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ تب تک زمبابوے کی موجودہ صورت حال میں کوئی قابل ذکر ابتری دیکھنے میں نہ آئے۔زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے کا آخری پروگرام سن 2005 میں بنایا گیا تھا مگر تب یہ دورہ اس لیے منسوخ کرنا پڑ گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے زمبابوے کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
Comments
Post a Comment