انٹرنیشنل بیچ کبڈی ٹورنامنٹ (کل ) سوموار سے اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ اتوار کو جناح سٹیڈیم، اسلام آباد کے میڈیا سنٹر میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے افغانستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل احمد فردین ضیائی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تین روزہ انٹرنیشنل بیچ کبڈی ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ٹورنامنٹ میں ایران ،افغانستان کے علاوہ ملک بھر سے نوٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پنجاب،بلوچستان،سندھ،خیبر پختونخواہ،پاکستان واپڈا،پاکستان ایئر فورس ،پاکستان نیوی،پاکستان آرمی، اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں دو گرپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ناک آئوٹ کم لیگ سسٹم پر کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائر یکٹر جنرل ،سید امیر حمزہ گیلانی سوموار کوشام5 بجے کریں گے اور 14 جون کو شام 5 بجے سیمی فائنل میچ کے مہمان خصوصی امتیاز عنایت الہٰی ہونگے جبکہ فائنل میچ 15 جون کو شام 5 بجے کھیلا جائے گا جس کے مہمان خصوصی سنیئر وفاقی وزیر صنعت چوہدری پرویز الٰہی ہوں گے اور جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد فردین ضیائی نے کہا کہ کھلاڑی ملکوں کے سفیرہوتے ہیں۔ افغانستان کی ٹیم کو بنے دوسال ہوئے ہیں زیادہ تجرنہ نہیں رکھتے لیکن ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور اچھا مقابلہ کریں گے۔کبڈی کے سلسلہ میں جس طرح ایران نے پاکستان سے مدد لی اسی طرح افغانستان بھی کوچنگ کے لئے پاکستان سے مدد لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اس کے ساتھ ہمارے سماجی اور سیاسی قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے پاس اپنا کوچ نہیں ہے میں نے پاکستان میں کوچنگ کے کورسز کئے ہیں اور میں اپنی ٹیم کی ٹریننگ خود کرتا ہوں۔رانا سرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی ٹیم کے حوالے سے کہ ایشین بیچ کبڈی چیمپئن شپ قریب ہے اور بھارتی ٹیم اس کی تیاری میں مصروف ہے اس لئے اس کو مدعو نہیں کیا گیا اور اس کے ساتھ مقابلہ ایشین بیچ کبڈی چیمپئن شپ میں ہوگا۔ پاکستان ریلوے کی ٹیم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر رہی ہے۔

Comments
Post a Comment