سری لنکا اور انگلینڈ سے سیریز امارات میں

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف اپنی’ ہوم سیریز‘ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی۔بی بی سی اردو کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پی سی بی نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیسٹ سیریز سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہوم سیریز ہوم کرکٹ بورڈ کا استحقاق ہے اور جائلز کلارک نے بیان دینے میں جلدی کر دی ہے۔ان کے مطابق انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ بیان کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔ذاکر خان نے کہا کہ پی سی بی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آئندہ سال جنوری اور فروری میں متحدہ عرب امارات میں ایک ہی تسلسل میں کھیلی جائے گی یعنی یہ دو حصوں میں نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوگی جبکہ ون ڈے سیریز کی تفصیلات ابھی طے کی جا رہی ہیں۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئندہ موسمِ سرما میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اور محدود اوورز کی سیریز کو انگلش کرکٹ ٹیم کے مجوزہ شیڈول میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ انگلش ٹیم آئندہ برس جنوری اور فروری میں سری لنکا آئے گی جہاں وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ذاکر خان نے یہ بھی بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز بھی اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کے لیے مالی معاملات اور دیگر آپشنز پر غور کرنے کے بعد یہی بہتر سمجھا ہے کہ یہ سیریز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلی جائے۔واضح رہے کہ مارچ 2009میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی جاسکی ہے اور پاکستان کو اپنی ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔اس دوران پاکستان نے اپنی ہوم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں کھیلی ہیں۔

Comments