آئی سی سی کی بورڈز میں سیاسی تقرریوں پر پابندی


ہانگ کانگ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ممبر بورڈز میں سیاسی تقرریوں پر پابندی عائد کردی۔ فیفا کی طرز پر ممبر کرکٹ بورڈز کو حکومتی مداخلت سے آزاد کرنے کے لئے آئی سی سی آئین میں ترمیم کردی گئی۔ آئینی ترمیم کیلئے دس فل ممبرز میں سے آٹھ اور پچاس ایسوسی ایٹ ممبرز کے اڑتیس ووٹ لینا لازمی تھے ۔ ایگزیکٹو کونسل اجلاس میں مطلوبہ اکثریت نے ترمیم کی منظوری دیدی جس کے تحت ممبر بورڈ میں تقرریاں انتخاب کے ذریعے ہونگی اور کوئی حکومت عہدیدار نامزد نہیں کرسکے گی۔ آئی سی سی نے رکن ممالک کو دوہزار بارہ تک منتخب عہدیداروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دینے کا موقع دیا ہے۔ جس کے بعد کسی بورڈ میں حکومت نے مداخلت کی تو اسے معطل کردیا جائیگا۔ آئینی ترمیم سے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور زمبابوے متاثر ہونگے ان ممالک میں حکومت بورڈ کے عہدیدار نامزد کرتی ہے۔

Comments