ومبلڈن ٹینس : عالمی نمبرتین راجر فیڈرر ٹورنامنٹ سے باہر


ومبلڈن  : عالمی نمبر دو سربیا کے نواک یوکووچ نے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک کو شکست دیکر ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر فرانس کے یو ولفرڈ سونگا کے ہاتھوں شکست بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں نواک یوکووچ نے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ یوکووچ نے آسٹریلوی کھلاڑی کیخلاف ایک سیٹ ڈراپ کرتے ہوئے چھ دو، تین چھ، چھ تین اور سات پانچ کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔ عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو فرانس کے یو ولفرڈ سونگا نے ایک سخت مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ فیڈرر نے پہلے دو سیٹ میں چھ تین اور سات چھ کے اسکور سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم دیگر تین سیٹس میں سونگا نے فیڈرر کیخلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چھ چار، چھ چار اور چھ چار کے اسکور سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

Comments