فیفا نے پاکستان سے میچ منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی درخواست مسترد کردی


پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے کہا ہے کہ وہ عالمی کپ مقابلوں میں رسائی کے لیے ہونے والے میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ایشائی زون سے 2014ء کے فٹ بال عالمی کپ مقابلوں میں رسائی کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلے مرحلے کا میچ 29جون کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرے مرحلے میں تین جولائی کو یہ ٹیمیں لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔بنگلہ دیش کی طرف سے سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستا ن میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد یہ معاملہ کھٹائی میں پڑگیا تھا لیکن فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے بظاہر بنگلہ دیش کی اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے میچ مقررہ جگہوں پر منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری احمد یار خان لودھی نے فیفا کے اس اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا”رواں سال فلسطین اور ملائیشیا کی ٹیمیں یہاں(پاکستان میں) کھیل چکی ہیں اور وہ خوش واپس گئی ہیں۔ہم نے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ میچ ضرور ہوگا۔“مارچ2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ملک میں کوئی بڑا بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ نہیں ہوسکا ہے۔ اس واقعے میں آٹھ افراد ہلاک جب کہ مہمان ٹیم کے چند کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنے میچ متبادل مقامات(متحدہ عرب امارات اور انگلینڈ) میں کھیلتی رہی ہے۔ رواں سال پاکستان کے دورے پر آنے والی افغانستان کی کرکٹ ٹیم واحد بین الاقوامی ٹیم تھی۔احمد یار خان لودھی کے مطابق ملائیشیا اور فلسطین کے ساتھ میچوں کے دوران کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے فیفا واقف ہے ”اور ہم نے بنگلہ دیش کو بھی یقین دلایا ہے کہ ان کا خاطر خواہ خیال رکھا جائے گا۔“بنگلہ دیش کی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ قاضی صلاح الدین کاکہنا ہے کہ فیفا نے دونوں میچ بنگلہ دیش میں منعقد کرانے کی ان کی درخواست مسترد کردی ہے لہذا اب ان کی ٹیم پاکستان جائے گی۔پاکستان کی فٹ بال ٹیم کبھی بھی عالمی کپ مقابلوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکی ہے اور فیفا کی عالمی درجہ بندی میں یہ 168نمبر پر ہے۔ عالمی کپ کا پانچ بار فاتح برازیل 2014ء کے فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کررہا ہے۔

Comments