جرمن فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ میڈیا کی بھی کوشش ہے کہ جرمنی میں اتوار سے شروع ہونے والے خواتین کے ورلڈ کپ مقابلوں کو ہر لحاظ سے دلکش بنایا جائے تاہم دوسری طرف خواتین کی جرمن فٹ بال ٹیم صنفی امتیاز کا شکار نظر آتی ہے
خواتین کی جرمن فٹ بال ٹیم دو مرتبہ عالمی کپ مقابلوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ اس نے ہر طریقے سے خود کو منوا رکھا ہے اور اس مرتبہ بھی وہ ورلڈ کپ جیت کر تیسری مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر سکتی ہے۔ تاہم ان حقائق کے باوجود جرمن فٹ بال فیڈریشن DFB اور میڈیا کی یہ کوششیں کہ اگلے عالمی کپ مقابلوں میں دلچسپی لینے کے لیے زیادہ سے زیادہ شائقین کو اس طرف مائل کیا جا سکے، کارگر ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔اس مخصوص صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعد جرمن سپورٹس یونیورسٹی سے وابستہ دانیئلہ شاف کہتی ہیں کہ فٹ بال مردوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے۔ شاید اسی لیے جب خواتین فٹ بال کے میدان میں اترتی ہیں تو انہیں وہ پذیرائی نہیں ملتی، جو انہیں ملنی چاہیے۔ جرمنی میں ویمنز فٹ بال کی مقبولیت کے حوالے سے کام کر رہی،شاف کی ٹیم نے کئانکشافات کیے ہیں۔ شاف کہتی ہیں کہ جرمنی میں مردوں کے مقابلوں کی تشہیر بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے اور بنڈس لیگا یعنی فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ کے میچ دیکھنے کے لیے بھی شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کرتی ہے۔تاہم دوسری طرف خواتین کے ایسے ہی مقابلوں میں تشہیر کا عنصر حیرت انگیز طور پر کم ہے۔ ان کے بقول خواتین کے مقابلے دیکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈھائی سو شائقین ہی اسٹیڈیم جاتے ہیں۔ ان کے نزدیک جب تک فٹ بال کو مقامی سطح پر مناسب مقام نہیں دیا جائے گا، تب تک عالمی سطح کے مقابلوں میں بھی زیادہ سے زیادہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے کی کوششیں حقیقی معنوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔دانیئلہ شاف کے مطابق بالخصوص فٹ بال کے گراؤنڈ میں خواتین کو صنفی امتیاز کا سامنا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ جرمن سپورٹس ایڈیٹوریل سیکٹر میں 92 فیصد کام کرنے والے افراد مرد ہیں اور اس حوالے سے رپورٹنگ کرتے وقت وہ خواتین کی نمائندگی کرنا بھول جاتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جرمنی میں کھلیوں کے حوالے سے خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کے لیے ضروری ہے کہ انتظامی طور پر تبدیلیاں لاتے ہوئےاعلیٰ عہدوں پر خواتین کی نمائندگی کو بھی ممکن بنایا جائے۔شاف کے بقول خواتین کے فٹ بال کو ملک میں دلکش اور معروف بنانے کے لیے پالیسی سطح پر کوششیں ناگزیر ہیں۔ ان کے نزدیک خواتین کھلاڑیوں کے بارے میں لوگوں کو معلومات فراہم کرنی چاہییں۔ وہ کہتی ہیں کہ ماضی میں خواتین کھلاڑیوں کے بارے میں کافی لوگ جانتے تھے لیکن اب نوجوان خواتین کھلاڑی معروف نہیں ہیں اور اسی لیے لوگ اس کھیل پر زیادہ دھیان دینے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ان تمام حقائق کے باوجود جرمنی اور ناروے کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیموں کے مابین 16 جون کو ہونے والے ایک نمائشی میچ کو5.7 ملین شائقین نے دیکھا۔ جرمن فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اگر موسم اچھا رہا، تو جرمنی میں 26 جون سے شروع ہونے والے خواتین کے ورلڈ کپ فٹ بال مقابلوں کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔
Comments
Post a Comment