بنگلہ دیش کی فٹبال فیڈریشن نے 'فیفا ورلڈ کپ 2014ء' کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کےلیے قومی فٹبال ٹیم کے ہمراہ پاکستان جانے سے انکار کرنے پر ٹیم کے غیر ملکی کوچ کو برطرف کردیا ہے۔
میسیڈونیا سے تعلق رکھنے والے گیجور جیوونوسکی کو گزشتہ ہفتے ہی کروشین نژاد رابرٹ روبک کی جگہ بنگلہ دیش کی فٹبال ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھاجنہوں نے تنخواہ کے معاملے پر تنازعہ کے باعث کوچنگ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
جیوونوسکی کو پیر کے روزسے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنی تھیں اور ان کا پہلا اسائنمنٹ 2014ء کے فیفا ورلڈ کپ کیلیے ایشین زون کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کرنا تھا۔
ایشین زون کے کوالیفائنگ رائونڈ کا پہلا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دو حصوں میں ہونے والے میچ کا پہلا لیگ 29 جون کو ڈھاکا جبکہ دوسرا لیگ 3 جولائی کو لاہور میں ہونا ہے۔
تاہم بنگلہ دیش کی فٹبال ٹیم کی منیجنگ کمیٹی کے سربراہ بادل رائے نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ میسیڈونین نژاد کوچ نے اپنی آمد موخر کرتے ہوئے فیڈریشن کو مطلع کیا ہے کہ وہ مذکورہ میچ کےبعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
بادل رائے کے بقول جیوونوسکی کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کےبعد فیڈریشن کے پاس ان کی تقرری منسوخ کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔
بادل رائے کے مطابق فیڈریشن نے جیوونوسکی کے ہم وطن نکولا لیوسکی کو بنگلہ دیشی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کی فٹبال فیڈریشن نے فٹبال کی عالمی تنظیم 'فیفا' سے کوالیفائنگ راؤنڈ کا مذکورہ میچ پاکستان سے ڈھاکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جسے 'فیفا' نے مسترد کردیا تھا۔
'فیفا' کے روبرو میچ لاہور سے ڈھاکہ منتقل کرنے سے متعلق اپنی درخواست میں بنگلہ دیش کی فٹبال فیڈریشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ بنگلہ دیشی فٹبال ٹیم کے اس وقت کے غیر ملکی کوچ (کروشین رابرٹ روبک ) سیکیورٹی وجوہات کے باعث پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ نہیں ہیں جبکہ بنگلہ دیشی فیڈریشن بھی دورے کے اخراجات کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
تاہم 'فیفا' نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے میچ شیڈیول کےمطابق پاکستان میں ہی کرانے کا اعلان کیا تھا جس کا پاکستان کی فٹبال فیڈریشن اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے بنگلہ دیش کی کسی اسپورٹس ٹیم کی جانب سے پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی کی فٹ بال ٹیمیں کبھی بھی عالمی کپ مقابلوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکی ہیں اور فیفا کی عالمی درجہ بندی میں یہ بالترتیب 168 اور 163 ویں نمبر پر ہیں۔
عالمی کپ کا پانچ بار فاتح رہنے والا برازیل 2014ء کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
Comments
Post a Comment