پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق بیس جون سے لندن میں شروع ہونے والے ومبلڈن گرینڈ سلام ٹینس مقابلوں کا ڈبلز ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔اعصام الحق نے اپنے بھارتی ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ گزشتہ دنوں جرمنی میں منعقدہ گیری ویبر ٹینس ٹورنامنٹ کا ڈبلز ٹائٹل جیتا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ جیت ومبلڈن کو سامنے رکھتے ہوئے حوصلہ افزا ہے۔اعصام الحق نے دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ وہ اور روہن بوپنا یقینا ومبلڈن کے ڈبلز ٹائٹل کے مضبوط دعویدار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وہ ومبلڈن کا کوارٹرفائنل کھیلے تھے اور انہیں کوئی بھی نہیں جانتا تھا لیکن اب اے ٹی پی سرکٹ میں ہر کوئی انہیں جانتا ہے اور کوئی بھی جوڑی انہیں نظرانداز کرنے کے لیے تیار نہیں۔اعصام الحق نے کہا کہ اس سال وہ اپنا پہلا ٹائٹل جیتے ہیں جبکہ گزشتہ سال وہ پانچ فائنلز کھیلے تھے۔انہوں نے کہا کہ فائنل میں پہنچ کر ہارنے سے انہیں قطعا مایوسی نہیں ہوتی کیونکہ فائنل کھیلنا ہی بڑی بات ہوتی ہے انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ راجر فیڈرر اور دوسرے بڑے ناموں کیساتھ کھیل سکیں گے یہ خواب کے حقیقت میں بدلنے کے مترادف ہے۔اعصام الحق نے کہا کہ ہارنے سے کھلاڑی سیکھتا ہے اور اپنی غلطیاں دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اور روہن ہر وقت اپنے کھیل کو بہتر سے بہتر کرنے میں مصروف رہتے ہیں فزیکل فٹنس اور تیکنیک پر کام کرتے ہیں۔ان کے مطابق خوشی اس بات کی ہے کہ اچھے نتائج آ رہے ہیں، رینکنگ بہتر ہورہی ہے اب صرف انتظار اس بات کا ہے کہ پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتیں۔اعصام الحق نے کہا کہ اتوار کو ومبلڈن کے ڈراز اور سیڈنگ کو حتمی شکل دی جائے گی اور انہیں توقع ہے انہیں چوتھا سیڈ رکھا جائے گا۔اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ عالمی ٹینس میں پہلا موقع ہوگا کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی ومبلڈن میں سیڈڈ ہوگا۔
Comments
Post a Comment