یوروگوائے ریکارڈ 15ویں بار کوپا کپ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

بیونس آئرس(سن)یوروگوائے کی ٹیم نے پیراگوائے کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے ہرا کر لاطینی امریکہ میں فٹ بال کا معتبر کوپا کپ ریکارڈ 15ویں بار اپنے نام کرلیا ہے۔ یوروگوائے کے سٹرائیکر ڈییگو فورلان Diego Forlan نے مخالف ٹیم کے خلاف دو گول داغ کر بین الاقوامی سطح پر اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 31 تک پہنچا دی ہے۔ فاتح ٹیم کے لوئس ساریز Luis Suarez نے بھی ایک گول کیا جو کلب فٹ بال میں انگلینڈ کے لیور پول کے لیے کھیلتے ہیں۔اب سے قبل ارجنٹائن اور یوروگوائے دونوں نے 14، 14 بار براعظم جنوبی امریکہ کی سطح پر کھیلے جانے والے کوپا کپ کے فاتح کا تاج اپنے سر سجا رکھا تھا۔ اس جیت کے بعد اب یوروگوائے کو فٹ بال کے دیوانوں کے اس براعظم میں ممتاز حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں کھیلے گئے فائنل میچ کو ہزاروں تماشائیوں نے دیکھا۔ یوروگوائے کی ٹیم کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کو پچھاڑنے کے بعد پہلے ہی خاصی پر اعتماد دکھائی دے رہی تھی۔ لوئس ساریز نے یوروگوائے کے لیے کھیل کے 12ویں منٹ میں پہلا گول کرکے پیراگوائے کی ٹیم کو دبا میں ڈال دیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق سٹرائیکر فورلان نے یوروگوائے کے لیے دوسرا گول پہلا ہاف ختم ہونے سے تین منٹ قبل کیا، جس کے بعد یوروگوائیکی جیت یقینی دکھائی دینے لگی تھی۔پورے میچ کے دوران پیراگوائے کے کھلاڑیوں میں اعتماد کا فقدان نمایاں تھا۔ یاد رہے کہ پیراگوائے کی ٹیم 1953 اور 1979 کے کوپا کپ کی فاتح ہے۔ حالیہ مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں اس نے برازیل اور سیمی فائنل میں وینزویلا کو پینلٹی شوٹ آٹس پر شکست دی تھی۔فائنل مقابلے میں پیراگوائے کو یقینی گول کرنے کے محض دو مواقع ملے جن سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔ 54ویں منٹ میں ان کے کھلاڑی نیلسن والدیز Nelson Valdez  نے ایک کراس شارٹ کو گول کا راستہ دکھانے کی کوشش کی مگر یوروگوائے کے گول کیپر فرنانڈو موسلیرا Fernando Muslera جست لگاکر بمشکل گول روکنے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری بار بھی موسلیرا نے پیراگوائے کے کرسٹیان ریوروز Christian Riveros کے شارٹ کو گول میں جانے سے روکا۔دوسرے ہاف میں پیراگوائے کے قدرے جارحانہ کھیل کے جواب میں بھی یوروگوائے نے دفاعی حکمت عملی اختیار نہیں کی اور مثبت کھیل جاری رکھا۔ مقررہ وقت ختم ہونے سے محض ایک منٹ قبل ڈییگو فورلان نے یوروگوائے کے لیے میچ کا تیسرا گول کرکے جیت کی خوشی کو دوبالا کر ڈالا۔

Comments