نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ انگلینڈ اور ہندوستان کے مابین ٹیسٹ کرکٹ کے2000 ویں میچ کے دوران مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ اور ون ڈے کیریئر کی سنچریوں کی سنچری بنا کر نیا منفرد ریکارڈ بنا سکتے ہیں تاہم سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ وہ میچ کے دوران سنچری کے بجائے کھیل پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔ سنیل گواسکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سچن ٹنڈولکر دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ ہیں وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کیریئر کی سنچریوں کی سنچری مکمل کر کے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کا ایک منفرد ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف تاریخی 2000 ویں ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ سرانجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر نے ہمیشہ مثبت کرکٹ کھیلی جس کی وجہ سے انہیں بے شمار کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر 99 سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔
Comments
Post a Comment