جرمن گراں پری ، مارک ویبر کی پول پوزیشن


جرمن گراں پری میں ریڈ بل کے ڈرائیور مارک ویبر پول پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر میکلارن کے لوئیس ہملٹن جبکہ تیسرے نمبر پر دفاعی چیمپیئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل رہے۔ہفتے کے دن جرمن شہرنیورینمبرگ کے سرکٹ پر منعقد کیے گئے کوالیفائنگ راونڈ میں آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے انتہائی چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دلچسپ اور ڈرامائی ریس کے بعد پول پوزیشن حاصل کی۔ اب وہ اتوار کو جرمن گراں پری کی حتمی ریس میں پول سے آغاز کریں گے۔34 سالہ مارک ویبر نے گراں پری میں متواتر دوسری مرتبہ پول پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس طرح وہ رواں سیزن میں تیسری مرتبہ جبکہ مجموعی طور پر 9 مرتبہ پول پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے ایک منٹ اور30.079 سکینڈ میں تیز ترین لیپ مکمل کی۔میکلارن کے برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن جرمن گراں پری کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرے تیز ترین ڈرائیور رہے جبکہ ریڈ بل کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کے حصے میں تیسری پوزیشن آئی۔ چوتھے نمبر پر ہسپانوی ڈرائیور الانسو براجمان ہوئے اور پانچویں پوزیشن ان ہی کی ٹیم فراری کے ڈرائیور فلپے ماسا کو ملی۔رواں سیزن میں ابھی تک فیٹل 204 پوائنٹس کے ساتھ اپنی برتری قائم رکھے ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ان ہی کے ساتھی ڈرائیور مارک ویبر ہیں۔ ان کے مجموعی پوائنٹس 124 ہیں۔ تیسرے نمبر پر گزشتہ گراں پری کے فاتح  الانسو ہیں، جن کے پوائنٹس 112 بنتے ہیں۔میکلارن کے ڈرائیورز لوئیس ہملٹن اور جینسن بٹن دونوں کے پوائنٹس برابر ہیں یعنی 109 ۔ فراری ٹیم کی نمائندگی کرنے والے برازیلی ڈرائیور فلپے ماسا اس سیزن میں کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ابھی تک ناکام ہی رہے ہیں۔ وہ اس وقت چھٹے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 52 ہیں۔

Comments