ڈنکن فلیچر: سو ٹیسٹ میچوں میں کوچنگ کرنے والے پہلے کوچ


لندن ۔  بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچرسو ٹیسٹ میچوں میں کوچنگ کرنے والے دنیا کے پہلے کوچ بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری تاریخی دو ہزارویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے ڈنکن فلیچر نے رواں سال گیری کرسٹن کی جگہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ فلیچر اس سے قبل آٹھ سال تک انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک رہے ، ان کی کوچنگ میں انگلش ٹیم کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آئی، 2000ء اور 2004ء کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو شکست فاش سے دوچار کیا  اور اسی سال انگلش ٹیم نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے کر مسلسل آٹھ ٹیسٹ جیتنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ان کی کوچنگ میں انگلش ٹیم 18 سال بعد آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔

Comments