پاکستانی ٹیم کے بائولنگ اٹیک کو سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت ہے، عمر گل

 اسلام آباد(سن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر عمر گل نے کہا ہے کہ وہ محمد آصف اور محمد عامر کی غیر موجودگی میں ٹیم کے بائولنگ اٹیک کو سنبھالنے کیلئے تیار ہیں، فاسٹ بائولر عمر گل نے اپنے ایک انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ٹیم کی فاسٹ بائولنگ اٹیک شعبے کو سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور دبائو کے سامنے کبھی پریشان نہیں ہوئے، میں نے کئی سالوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید اور پرعزم ہوں، عمر گل جنہوں نے 2003ء میں انیس سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا کا کہنا ہے کہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کیونکہ بائولرز کی توانائی برقرار رہتی ہے اور بیٹسمین کو زیادہ رسک لینا پڑتا ہے اس لئے ٹونٹی ٹونٹی فارمیٹ میں وکٹیں لینا کوئی زیادہ مشکل کام نہیں ہے، ایک سوال کے جواب میں عمر گل نے کہاکہ ہاں یہ بات ٹھیک ہے کہ گزشتہ تین چار سال میں ون ڈے اور ٹونٹی ٹونٹی میں میری کارکردگی زیادہ اچھی رہی ہے لیکن یہ کہنا کہ ٹیسٹ میں میرا ریکارڈ اچھا نہیں ہے غلط ہوگا، اگر گزشتہ اٹھارہ ماہ میں دیکھا جائے تو واقعی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی اچھی نہیں دکھا سکا مگر اس سے قبل میری کارکردگی ٹھیک رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیسٹ ریکارڈ کو بہتر بنانے کیلئے محنت کر رہا ہوں اور بہت جلد اس فارمیٹ میں بھی اچھی بائولنگ کرائوں گا، عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بارے میں عمر گل کا کہنا تھا کہ اس میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ دبائو تھا اور دوسرا اس روز ان کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی تھی، عمر گل نے بھارت کیخلاف 8 اوورز میں 69 رنز دیئے تھے، عمر گل نے کہاکہ اس میچ میں بھارتی بیٹسمینوں نے مجھے ٹارگٹ کرلیا تھا اور اس میں وہ کامیاب بھی رہے، عمرگل جو اس وقت سسیکس کائونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں کا کہنا ہے کہ کائونٹی کرکٹ کھیلنے سے ان کے تجربے میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور ساتھ ہی ان کو اپنی خامیاں دور کرنے کا بھی موقع مل رہا ہے، عمر گل کا یہ بھی کہنا ہے کہ سسیکس کائونٹی کی مینجمنٹ اور کھلاڑی بہت اچھے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

Comments