لندن(سن)انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 196 رنزسے شکست دیکر ایک صفرکی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 2000واں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 100واں ٹیسٹ میچ تھا، انگلینڈ کی ٹیم میں اہم کردار فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن کا رہا جنہوں نے پانچ کھلاڑیوںکو پویلین کی راہ دکھائی،تفصیلات کے مطابق بھارت جسے میچ جیتنے کیلئے 458 رنز کا ہدف ملا تھا نے اپنی دوسری اننگز 80 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اس کی پوری ٹیم 261 رنز پر آئوٹ ہو گئی اور میچ 196 رنز سے ہار گئی، بھارت کی جانب سے ابھینوو مکنڈ نے بارہ، راہول ڈراویڈ نے 36، وی ایس لکشمن نے 56، گوتھم گھمبیر نے بائیس، سچن ٹنڈولکر نے 12، سریش رائنا نے 78، کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے سولہ، ہربجھن سنگھ نے بارہ، پروین کمار نے دو، ظہیر خان بغیرکوئی سکور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ اشانت شرما نے ایک سکور بنایا، چودہ رنزفاضل کے تھے، انگلینڈ کی جانب سے جمیز اینڈرسن نے پانچ، کرس ٹریملٹ نے ایک، سٹیورٹ براڈ نے تین، گریمی سوان نے ایک وکٹ حاصل کی، جیمز اینڈرسن نے اور سٹیورٹ براڈ نے میچ میں مجموعی طور پر سات سات وکٹیں حاصل کیں تاہم پہلی اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری سکورکرنے والے کیون پیٹرسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، میچ کے اختتام پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس کا کہناتھا کہ ٹیم نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ میچ جیتا ہے اور ہم اس برتری کو آئندہ میچوں میں بھی برقرار رکھیں گے، انہوں نے کیون پیٹرسن، میٹ پرائر، جیمز اینڈرسن اور سٹیورٹ براڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کھلاڑیوں نے ہمیشہ ایسے وقت میں کارکردگی دکھائی ہے جب ٹیم کو ضرورت ہوئی ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہناتھا کہ پہلی اننگز میں ظہیر خان کا ان فٹ ہوجانا اور بائولنگ کیلئے نہ آنا ہمارے لئے نقصان دہ ثابت ہوا تاہم ہم کوشش کرینگے کہ آئندہ میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سیریزمیں کم بیک کریں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ٹیم اپنی خامیوں پر قابو پا لے گی اور ہم دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز کو برابر کرینگے۔
Comments
Post a Comment