لاہور(سن)کرکٹ سری لنکا پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنے پر تحفظات ظاہر کر رہا ہے تاہم اس کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے شارجہ، دبئی اور ابوظبی میں سیریز کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پی سی بی کے جنرل منیجر مارکیٹنگ طارق حکیم اور منیجر انٹرنیشنل عثمان واہلہ دبئی پہنچ گئے ہیں۔ وہ اگلے دو دن میں امارات کرکٹ بورڈ کے ساتھ سیریز کے لئے باہمی مفاہمت کے سمجھوتے پر دستخط کریں گے۔ اکتوبر، نومبر کی سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سیریز کرانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ پاکستان بورڈ سری لنکا کے علاوہ جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز کے مارکیٹنگ حقوق ایک ساتھ فروخت کر دے گا۔ سیریز کی اسپانسر شپ کے لئے بات چیت آخری مراحل میں ہے۔
Comments
Post a Comment