اسلام آباد(سن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹیو عارف علی خان عباسی نے قومی ٹیم کے منیجر اور پی سی بی کے ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم پر الزام لگایا ہے کہ وہ کوچ کی حیثیت سے کھلاڑیوں سے بال ٹمپرنگ کراتے تھے۔ انتخاب عالم نے الزام کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ ایک انٹرویو دیتے ہوئے عارف عباسی نے دعوی کیا کہ انتخاب عالم پاکستان ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ٹیسٹ کرکٹر باسط علی پر دبائو ڈال کر گیند بنواتے رہے۔ باسط علی نے انکار کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف مہم چلائی گئی اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ 1995 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے یہ بات میرے نوٹس میں بھی آئی کہ باسط علی سے کوچ بال ٹمپرنگ کراتے تھے تاکہ گیند خراب ہونے کا فائدہ فاسٹ بولروں کو ملے۔انتخاب عالم نے کہا کہ عارف عباسی کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے۔ میں نے کبھی کسی کھلاڑی کو گیند بنانے کے لیے نہیں کہا۔ مجھے عباسی صاحب کا الزام سن کر دلی صدمہ ہوا ہے۔ میں نے ان کے دور میں طویل عرصہ کام کیا ہے۔ ان کا الزام سنگین ہے۔ میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ اس لیے تبصرہ کرنے کے بجائے تمام معاملات اللہ پر چھوڑتا ہوں۔
Comments
Post a Comment