بگ باش لیگ کا حصہ نہیں بنوں گا، مائیکل کلارک


سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی بک باش لیگ کا حصہ نہیں بنوں گا کیونکہ ان کی تمام توجہ ٹیسٹ میچز پر ہے۔ مائیکل کلارک نے کہا کہ ٹی ٹونٹی بگ باش لیگ میں شرکت کرنیوالا ہر کھلاڑی قابل احترام ہے۔ تاہم وہ رواں سال بگ باش لیگ کا حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد آسٹریلیا کیلئے کھیلنا ہے اور ٹیم کو کامیابی دلوانا ہے۔ کوشش ہے کہ ٹی ٹونٹی میچز میں بھی شرکت کروں۔ کلارک نے کہا کہ ہم نے اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے جس میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اگلے 6 ماہ آسٹریلیا کیلئے بہت اہم ہیں اور وہ ٹیسٹ سیریز کیلئے مکمل پریکٹس کر رہے ہیں۔ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کا 5 واں نمبر ہے۔ دورہ سری لنکا میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹونٹی اور پانچ ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ دورہ سری لنکا مکمل کرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم اکتوبر، نومبر میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم دسمبر سے فروری تک نیوزی لینڈ اور بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

Comments