ڈھاکہ: ایشین کرکٹ کونسل نے گیارہویں ایشیا کپ کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے اور اب یہ ایونٹ آئندہ برس 12 سے 22 مارچ تک منعقد ہوگا۔ بنگلہ دیش کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے انعقاد کے لیے اس سے قبل یکم تا 11 مارچ کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم آسٹریلیا میں ہونے والی تین ملکی کرکٹ سیریز میں بھارت اور سری لنکا کی شرکت کے باعث ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ مذکورہ سہ ملکی سیریز 8 مارچ کو ختم ہوگی۔ ایشین کرکٹ کونسل کے تمام رکن بورڈز اور میزبان بنگلہ دیش نے نئی تاریخوں پر اتفاق کیا ہے۔ ایونٹ کے میچز بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہونگے۔ ایونٹ میں ٹیسٹ نیشنز کا درجہ رکھنے والی برِاعظم کی چار ٹیموں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش اور نان ٹیسٹ ایشین نیشنز کے ایونٹ ''اے سی سی ٹرافی'' کے فائنل میں پہنچنے والی دو ٹیموں سمیت کل چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ عالمی چمپئن اور ایونٹ کا سابق فاتح بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔
Comments
Post a Comment