انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ بریج میں جمعہ سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم منتخب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔بھارتی ٹیم کے فاسٹ بالر ظہیر خان جنہوں نے سنہ دو ہزار سات میں ٹرینٹ بریج ٹیسٹ میں انگلینڈ کے نو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن زخمی ہوگئے تھے۔منگل کو انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کو ایک سو چھیانوے رنز سے شکست دی تھی۔بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے ابھی ہمارے پاس تین دن باقی ہیں تاہم میں سو فیصد پر امید نہیں ہوں کہ ظہیر خان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔دھونی کے مطابق ہم کسی بھی ایسے کھلاڑی جو سو فیصد فٹ نہیں کو کھلانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔واضح رہے کہ ظہیر خان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں رنر کے ساتھ بیٹنگ کی تھی تاہم وہ کوئی سکور کرنے میں ناکام رہے جبکہ دوسری اننگز میں وہ بالنگ کرانے کے لیے میدان میں نہیں آئے۔ظہیر خان کی جگہ مناف پٹیل اور سری سانتھ میں سے کسی ایک کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ظہیر خان کے علاوہ سٹار بلے باز سچن تندولکر نے وائرل انفیکشن کی وجہ سے زیادہ وقت میدان سے باہر گزارا اس کے علاوہ بھارتی اوپنر گوتھم گھمبیر کو فیلڈنگ کے دوران کہنی پر چوٹ آئی۔لارڈز ٹیسٹ جیتنے کے بعد انگلش ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آنے کے لیے بھارت کو دو ٹیسٹ میچوں کی برتری سے ہرانا ہو گا۔انگلینڈ نے انیس سو چھیانوے کے بعد بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی۔انگلینڈ آخری بار سنہ دو ہزار سات میں بھارت سے اپنے ملک میں ہونے والی سیریز ایک صفر سے ہار گیا تھا۔ اس کے بعد سنہ دو ہزار آٹھ میں بھارت میں کھیلی جانے والی سیریز میں بھی وہ بھارت سے ایک صفر سے ہار گیا تھا۔
Comments
Post a Comment