سنوکر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلئے غیرممالک بھیجیں گے، عالمگیر شیخ

کراچی(سن)دنیا کا کوئی بھی کوچ پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں، اس لئے کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلئے غیرممالک بھجوایا جائے، حکومت سے گرانٹ مانگی جو عتقریب مل جائے گی، لاہور اور کراچی میں اسنوکر اکیڈمی قائم کرنے کی حکمت عملی ترتیب دے چکے ہیں، چین سے اسنوکر کی چار بڑی ٹیبلیں عنقریب کراچی پہنچ جائیں گی۔ نیشنل بینک اسنوکر میں نئے کھلاڑیوں کی انٹری ہوئی ہے جنہوں نے اپنے کھیل سے متاثر کیا ہے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈاسنوکر ایسو سی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے بتایاکہ جمعرات کو اسلام آباد جارہا ہوں جہاں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سربراہ امیر حمزہ گیلانی نے ملاقات کرنی ہے اور ان سے کوچنگ اسائمنٹ کی مد میں 15 لاکھ روپے کی رقم مانگی ہے جو امیدہے مل جائے گی، عالمگیر شیخ نے بتایا پاکستان کے بدترین حالات کے باعث دنیا کا کوئی بھی کوچ پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں، بھارتی کوچ سے بات ہوچکی ہے لیکن انہیں این او سی جاری نہیں کیا جارہا۔ اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے کھلاڑی مختلف ممالک ٹریننگ کیلئے بھیجیں، پہلے مرحلے میں تھائی لینڈ چھ کھلاڑی ٹریننگ کیلئے بھیج رہے ہیں۔ یہ معاملہ بھی فنڈنگ کی صورتحال بہتر ہونے پر طے پائے گا۔ پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن کے سربراہ جنرل عارف حسن سے بھی لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں پی او اے سے الحاق کے معاملات طے کریں گے اور بیروزگار کھلاڑیوں کو واپڈا اور آرمی میں ملازمت دلانے کی بات کریں گے۔ چین سے عنقریب چھ بڑی اسنوکر ٹیبلیں کراچی پہنچ جائیں گی۔ زمین کا مسئلہ اگر حل ہوجائے تو لاہور اور کراچی میں کوچنگ اکیڈمی قائم کریں گے۔ کراچی میں اسپورٹس بورڈ اور پنجاب میں وزیراعلی شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور اس مسئلے کے حتمی حل کیلئے بات کریں گے۔

Comments