لاہور(سن)ٹاسک ٹیم کی فاش غلطیوں سے بھرپور رپورٹ نے آئی سی سی کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا ہے۔ اب ٹاسک ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے کا شوشا چھوڑا ہے تاہم پی سی بی کے حکام اس بات سے لاعلم ہیں کہ ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ پاکستان آکر صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگر ٹاسک ٹیم پاکستان آتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے لیکن اس وقت ہم اس پیش رفت سے لاعلم ہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اعجاز بٹ کی وطن واپسی کے منتظر ہیں، اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹاسک ٹیم کی رپورٹ پر کیا کرنا ہے۔ اعجاز بٹ اس بارے میں حکومت کو بھی بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے حکام نے پاکستانی میڈیا میں ہونے والی تنقید سے پریشان ہو کر ٹاسک ٹیم کے دورہ پاکستان کا ڈرامہ رچایا ہے۔ فوری طور پر اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ جائلز کلارک اور ہارون لورگاٹ پاکستان کا دورہ کر سکیں۔

Comments
Post a Comment