بٹ، عامر اور آصف کیخلاف دھوکا دہی کیس کافیصلہ کل آنے کاامکان

پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کے خلاف کرپشن اور دھوکا دہی کیس کی سماعت لندن میں مکمل ہوگئی۔ کیس کا فیصلہ کل آنے کا امکان ہے۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے شکارتینوں پاکستانی کرکٹرزکوبرطانیہ میں کرپشن اوردھوکا دہی کے الزامات کا سامنا ہے۔ عدالت نے کیس کی باقاعدہ سماعت کی تاریخ چاراکتوبرمقررکر رکھی ہے لیکن تعارفی سماعت کیلئے تینوں کرکٹرز کو لندن کی ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ میں بذات خود یا ویڈیولنک کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ محمد آصف اور محمد عامر لندن میں موجود ہونے کی وجہ سے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے جبکہ سلمان بٹ ویزانہ ملنے کی وجہ سے انگلینڈ نہ جاسکے اس لئے وہ ویڈیولنک کے ذریعے سماعت میں شریک ہوئے لندن میں سلمان بٹ کے وکیل یاسین پٹیل سماعت کے دوران عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے موقف سننے۔سماعت میں کھلاڑیوں کے وکلاء نے اپنے دلائل میں کیس کو خارج کرنے پر زور دیا۔ امکان ہے کہ عدالت بدھ کے روز کیس کو جاری رکھنے یا خارج کرنے کا فیصلہ سنائے گی۔ کھلاڑیوں پر دو چارجز لگائے گئے ہیں اگر عدالت نے دونوں چارجز خارج کردیے تو تینوں کھلاڑیوں پر سے مقدمہ ختم ہوجائے گا۔ اگر کھلاڑیوں پر ایک چارج بھی برقرار رہا تو کیس کی باقاعدہ سماعت شیڈول کے مطابق چار اکتوبر سے ہوگی۔

Comments