میچ فکسنگ، پولی گراف ٹیسٹ کی تجویز
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سٹیو وا کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں میچ فکسنگ سے نمٹنے کے لیے جھوٹ پکڑنے کے پولی گراف ٹیسٹ متعارف کروائے جانے چاہیئیں۔
لندن میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیکنالوجی عالمی کرکٹ میں استعمال کی جا سکتی ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’میں مانتا ہوں کہ کوئی بھی شخص جو کچھ چھپانا چاہتا ہے اس عمل کے ذریعے سامنے آ جائےگا‘۔
بھارت کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل انگلش کپتان اینڈریو سٹراس نے بھی محتاط انداز میں اس خیال کی حمایت کی ہے۔
لارڈز میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ’میں کسی بھی ایسی چیز کے حق میں ہوں جس سے کسی خرابی کی تہہ تک پہنچا جا سکے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ کرکٹ کے کھیل کے روشن مستقبل کے لیے نہایت ضرروری ہے کہ یہ شفاف ہو۔ میں نہیں جانتا کہ لائی ڈیٹیکٹر کیسے کام کرتا ہے اور وہ کتنا صحیح ہے لیکن مجھے یہ خیال پسند آیا ہے‘۔
سٹراس کے برعکس بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اس خیال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
Comments
Post a Comment