کیڈل ایونز نے ٹور ڈی فرانس جیت لی

آسٹریلیا کے کیڈل ایونز ٹور ڈی فرانس کے نئے فاتح بن گئے ہیں، وہ پہلے آسٹریلوی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
کیڈل ایونز دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلے آسٹریلوی سائیکلسٹ ہیں جنہوں نے چونتیس برس کی عمر میں یہ ریس جیتی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مارک کیونڈش نے ٹور ڈی فرانس کا اکیسویں اور آخری مرحلہ جیت لیا ہے۔
کیونڈش سنہ انیس سو نوے کے بعد گرین جرسی جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔چھبیس سالہ مارک کیونڈش نے آخری مرحلہ جیتنے کے بعد کہا ’میں گزشتہ چند برسوں سے گرین جرسی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘اس سے پہلے کیونڈش نے تین بار ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ میں پندرہواں مرحلہ جیتا تھا تاہم وہ گرین جرسی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
واضح رہے کہ کیونڈش ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ کا آخری مرحلہ جیتنے سے پہلے سنہ دو ہزار نو اور دس میں الیسیز چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں۔

Comments