فٹ بال ٹورنامنٹ یورو 2012ء کے کوالیفائنگ میچ کے لیے جرمن ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتے جرمن قومی فٹ بال ٹیم اس کوالیفائنگ میچ کے علاوہ ایک دوستانہ مقابلے میں پولینڈ کی ٹیم کا سامنا بھی کرے گی۔جرمن ٹیم یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے لیے آسٹریا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ میچ دو ستمبر کو جرمنی کے شہر گیلزن کِرشن میں کھیلا جائے گا، جو معروف جرمن فٹ بال کلب شالکے کا ہوم گراؤنڈ ہے۔
یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے مقابلوں کے لیے جرمن ٹیم گروپ اے میں شامل ہے۔ اب تک اس گروپ میں یہ ٹیم سات میچ کھیل چکی ہے اور سب میں فاتح رہی ہے۔ آسٹریا کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد جرمنی یورپی چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ یوکرائن اور پولینڈ آئندہ برس اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔
جرمن ٹیم میں ترک نژاد کھلاڑی محسوت اوزل کے علاوہ ڈورٹمنڈ کلب کے دفاعی کھلاڑی مارسیل شلیزر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ منتخب ٹیم میں نیا نام ہینوور کلب کے گول کیپر رون رابرٹ سائلر کا ہی ہے۔ قومی ٹیم کے باقاعدہ گول کیپر مانویل نوئیر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ عرب نژاد جرمن فٹ بالر سامی خضیرہ بدستور گروئن انجری کے شکار ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔بائرن میونخ کلب کے آٹھ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بنڈس لیگا کی گزشتہ سیزن کی چیمپیئن ٹیم ڈورٹمنڈ سے چار فٹ بالروں کا انتخاب کیا گیا۔ فارورڈ کھلاڑی میرو سلاو کلوزے، ماریو گومیز اور لوکاس پوڈولسکی کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لوئیو نے کہا کہ وہ آسٹریا کے خلاف میچ میں کامیابی کو اہم سمجھتے ہیں اور اس میں جیت کے بعد کوالیفائنگ مرحلہ طے ہو جائے گا جس کے بعد ٹیم کی حتمی سلیکشن کے ساتھ ساتھ چیمپیئن شپ کے لیے تیاری شروع کر دے گی۔جرمن ٹیم چھ ستمبر کو پولینڈ کے شہر گڈانسک میں میزبان ملک کی قومی ٹیم کے ساتھ ایک دوستانہ میچ بھی کھیل رہی ہے۔ رواں ماہ جرمن ٹیم نے برازیل کی ٹیم کو ایک دوستانہ میچ میں دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔ اس شکست کے بعد برازیل کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔ ورلڈ رینکنگ میں جرمنی کو تیسری پوزیشن حاصل ہے۔ ہالینڈ عالمی نمبر ایک اور اسپین دوسری پوزیشن پر ہے۔
Comments
Post a Comment