وقاریونس نے قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دیدیا
مستعفی ہونے کی وجہ سے گھریلو مجبوریاں ہیں، کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، وقاریونس
مستعفی ہونے کی وجہ سے گھریلو مجبوریاں ہیں، کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، وقاریونس
کراچی(سن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا ہے اور دورہ زمبابوے بطور کوچ ان کی آخری آسائمنٹ ہو گی، اس بات کا اعلان کوچ وقار یونس نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، وقار یونس کے مطابق ان کے مستعفی ہونے کے پیچھے ان کی اہلیہ کی بیماری اور کچھ ذاتی مجبوریاں ان کا کسی کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ جھگڑے کی وجہ سے وہ مستعفی ہو رہے ہیں، وقار یونس نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور اس کے پیچھے ان کی اہلیہ کی بیماری اور گھریلو مجبوریاں ہیں، وقار یونس کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے اپنا استعفی بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو پیش کردیا تھا جو منظور ہو چکا ہے، دورہ زمبابوے کے بعد وہ واپس آسڑیلیا چلے جائیں گے، وقار یونس کا کہنا تھا کہ میں اپنی ذاتی مجبوریوں کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی کو متاثر نہیں کرسکتا تھا اس لئے مستعفی ہو رہا ہوں، 39 سالہ وقار یونس نے گزشتہ سال مارچ میں بطورکوچ کام شروع کیا تھا، وقار یونس نے کے دور کوچنگ میں ہی قومی کرکٹ ٹیم کو سپاٹ فکسنگ جیسے سکینڈل سے بھی گزرنا پڑا، انہی کے دور میں یو اے ای میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم کے وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر اچانک سکواڈ کو چھوڑ کر لندن چلے گئے تھے، وقاریونس کی کوچنگ میں ٹیم نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ ان کے ہی دور میں دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز دونوں میں کامیابی حاصل کی، وقار یونس نے بتایا کہ جب انہوں نے ٹیم کو بتایا کہ وہ کوچنگ چھوڑ رہے ہیں تو ٹیم سکتے میں آگئی انہوں نے کہاکہ میرے دور میں ٹیم سپاٹ فکسنگ اور دوسرے ایشوزمیں پھنسی رہی تاہم اس کے باوجود وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابیاں بھی سمیٹیں، انہوں نے کہاکہ میں ہفتے کی صبح ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنے فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا اس سے قبل یہ معاملہ میرے اور پی سی بی کے درمیان ہی تھا میں امید کرتا ہوں کہ ٹیم کے کھلاڑی آئندہ بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرینگے، وقاریونس جن کی کوچنگ میں ٹیم نے دورہ ویسٹ انڈیزمیں ون ڈے سیریزجیتی جبکہ ٹیسٹ سیریزبرابری پر ختم ہوئی تھی، اسی سیریز کے دوران ان کے سلیکشن کے معاملات پر کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ تنازعات شروع ہو گئے تھے جس کی وجہ سے بالآخر شاہد خان آفریدی کو کرکٹ سے ہی ریٹائرمنٹ لینا پڑی تاہم وقار یونس کا کہنا ہے کہ ان کے مستعفی ہونے کا تعلق اس معاملے سے قطعاً نہیں ہے، دورہ زمبابوے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعجاز احمد کو اسسٹنٹ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سونپی ہیں تاہم اس دورے کے دوران وقار یونس ہی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہیں گے بورڈ نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ ان کے جانے کے بعد ٹیم کی کوچنگ کیلئے کون آئے گا تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ذمہ داریاں اعجاز احمد کو ہی سونپی جائیں گی پاکستان کرکٹ ٹیم کادورہ زمبابوے اٹھائیس اگست سے شروع ہوگا جس کے دوران واحد ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے میچ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سیریزکھیلی جائے گی۔
Comments
Post a Comment