دورہ آسٹریلیا کیلئے شامل نہ کیا تو مستقبل کا فیصلہ کرونگا، ریحان بٹ

پاکستان ہاکی ٹیم کے فارورڈ ریحان بٹ نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم میں شامل نہ کیا گیا تو وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کا اعلان کریں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ غلط نہیں تاہم سینئر کھلاڑیوں کو نظرانداز کرنے سے اولمپک اورچیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیم کا توازن خراب ہوسکتا ہے۔ ریحان بٹ نے کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی پاکستانی ٹیم کے لئے بہت اہم ہے۔ پاکستان کو آنے والے دو اہم انٹرنیشنل ایونٹس سے قبل اپنی ٹیم کی تیاری میں ایشین چیمپئنز ٹرافی سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ یہ ایونٹ بھی ٹیم کی تشکیل نو میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے مجھے ملائیشیا میں ہاکی لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کیا۔ فی الحال میں قومی ٹیم سے باہر ہوں، مجھے آرام دیا گیا ہے۔ ہاکی سے دور ہونے کی وجہ سے ان دنوں چیف کوچ مشل وین ڈین کی ہدایت کے مطابق خود کو فٹ رکھنے کے لئے ایکسرسائز وغیرہ کررہا ہوں۔ ریحان بٹ نے کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ درست ہے مگر ان نئے کھلاڑیوں کو ایک یا دو میچوں اور ٹورنامنٹ کے بعد باہر کردینے سے ان کا مستقبل خراب ہوسکتا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو مستقل بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے بعد کئی سینئرز کھلاڑی ریٹائر ہوجائیں گے اس لئے نئے کھلاڑیوں کو آنے والے وقتوں کے لئے تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کے لئے سنہری موقع ہوگا کہ وہ اپنی برتری ثابت کردے مگر نئے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کے لئے اس ایونٹ میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنا بہت زیادہ دشوار گزار کام ہوگا۔

Comments