فیفا کے صدر کی پاکستان دیکھنے کی خواہش

اسلام آباد: انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن  ایسوسی ایشن (فیفا) کے صدر جوزف ایس بلٹیر نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے وہاں کھیل کی ترقی سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ بلٹیر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات سے کولمبیا میں ہونے والی ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے کیا جوکہ فیفا کی 20 ملکوں کے ارکان پر مشتمل ورلڈ کپ انتظامی کمیٹی کے رکن ہیں۔ پاکستانی فٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل احمد یار خان لودھی کے مطابق فیصل حیات سے ہونے والی بات چیت کے دوران فیفا کے صدر نے پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ ان کے دورے کے بارے حتمی رائے نہیں دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلٹیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب رواں ماہ ساف کے زیر انتظام ہونیوالی انڈر 16 فٹ بال چیمپئین شپ جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔ احمد یار لودھی نے کہا کہ انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے پاکستان میں فٹ بال کی ترویج کیلئے اپنے پرانے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ فیفا 5 اہم کھیلوں کے میدانوں کو جدید انداز میں تعمیر کرنے میں بھر پور تعاون کرے گی۔

Comments