جشن آزادی انٹرمیڈیا ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ سجاس بی ٹیم نے جیت لی

کراچی(سن)سندھ ٹین پن بولنگ ایسوسی ایشن اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ کے زیر اہتمام ہونیوالا پہلا سندھ اسپورٹس بورڈ جشن آزادی انٹرمیڈیا ٹین پن بولنگ ٹورنامنٹ سجاس بی کی ٹیم نے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سندھ ٹین پن بولنگ ایسوسی ایشن اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلے سندھ اسپورٹس بورڈ جشن آزادی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور ٹین پن کے بولرز کے لیے ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ذرائع ابلاغ کے پندرہ سے زائد اداروں کے سو سے زائد صحافیوں اور فوٹو جرنلسٹس نے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ ٹین پن بولنگ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور سیکریٹری جنرل رومس علی کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں صحافیوں کا ٹین پن بولنگ کے ورکشاپ میں شرکت کرنا اس کھیل کی پاکستان میں مقبولیت اور روشن مستقبل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر صحافیوں کے ٹین پن بولنگ کے قوانین و ضوابط کے حوالے سے بھی مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔ ارینا ملٹی میڈیا کے بولنگ ایلے میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں پاکستان میں پہلی مرتبہ بیکر سسٹم متعارف کروایا جس کے تحت میڈیا کے ہر ادارے کے تین جرنلسٹوں اور دو پروفیشنل بولرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے کے بعد 280 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد سجاس بی کی ٹیم ایونٹ کی فاتح قرار پائی۔ جبکہ وائب ٹی وی کی ٹیم دوسرے اور سماء ٹی وی کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی وزیراعلی سندھ کے مشیر کھیل حلیم عادل شیخ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ٹین پن بولنگ کے ایونٹ میں اتنی بڑی تعداد میں اسپورٹس جرنلسٹ کی شرکت نے ثابت کردیا کہ پاکستان میں اس کھیل کا مستقبل روشن ہے انہوں نے سندھ ٹین پن بولنگ کے بقایاجات کی فوری ادائیگی کے لیے اسپورٹس بورڈ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ہی سندھ ٹین پن بولنگ سے مل کر کراچی میں بولنگ ایلے قائم کریں گے تاکہ یہ کھیل ہر خاص و عام کی دسترس میں پہنچ سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز رافعہ حلیم ، ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر ذوالفقار علی سلہوانی ، سیکریٹری سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت  اسپورٹس جنرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ کے صدر راشد علی صدیقی اور سیکریٹری عبید الرحمن اعوان بھی موجود تھے۔

Comments