کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا محض 211 رنز ہی بنا پایا. جواب میں سری لنکن اننگ کا انتہائی مایوس کن آغاز ہوا اور میزبان ٹیم کے ابتدائی تین اہم اور مستند بلے باز صرف 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے. ان میں اوپنر اوپل تھارنگا، کپتان تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا شامل تھے. اس موقع پر سینئر سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردھنے اور چمارا سلوا نے صحیح معنی میں اپنی ٹیم کو سہارا دیا. دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ہدف کی جانب کامیاب پیش رفت جاری رکھی. کے وردھنے اور چمارا سلوا نے 111 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے سری لنکا کے مجموری اسکور کو 144 تک پہنچا دیا. اس دوران چمارا سلوا نے نے اپنی شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے گزشتہ کئی میچوں سے جاری اپنی خراب فارم کے خاتمے کی نوید سنائی اور کسی حد تک اپنے ناقدین کے منہ بھی بند کر دیے۔
چمارا سلوا کے بعد اینجلو میتھیوز میدان وارد ہوئے اور اپنے سینئر کھلاڑی کا بھرپور ساتھ دیا. 195 کے مجموعہ پر جے وردھنے رخصت ہوئے تاہم ان کی ذمہ دارانہ اننگ زکی بدولت میچ پوری طرح سری لنکا کی گرفت میں آچکا تھا. جے وردھنے نے آسٹریلوی گیند بازوں کے تمام تر حربوں اور حملوں کا مردانہ وار جواب دیتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگ سجائی. جے وردھنے اور سلوا کی فراہم کردہ مستحکم بنیاد کو استعمال کرتے ہوئے سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 47 اوور میں ہی حاصل کرلیا.
اس سے قبل آسٹریلیا نے بلے بازی کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان محض 4 کے مجموعی اسکور پر ہوگیا. تاہم بعد ازان شین واٹسن اور رکی پونٹنگ کی جوڑی نے ایک اچھی شراکت داری قائم کی اور اسکور 67 رنز کا اضافہ کیا. رکی پونٹنگ کی رخصتی کے بعد مائیکل کلارک نے شین واٹسن کے ہمراہ اسکور میں اضافہ کرنا شروع کیا اور اسکور کو 127 تک لے گئے. واٹسن اور پھر کلارک کی رخصتی کے بعد آسٹریلوی اننگ ایک بار پھر لڑکھڑاگئی. اس موقع پر ڈیوڈ ہسی نے بہتر انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اسکور میں اضافے کی کوششیں جاری رکھیں لیکن 210 کے مجموعی اسکور پر جیوان مینڈس نے انہیں پویلین لوٹا دیا.
اگلا اوور سری لنکن پیس اٹیک کے اہم ترین رکن لاستھ مالنگا کو دیا گیا جنہوں نے مسلسل تین گیندوں پر تین کینگرو بلے بازوں کو میدان بدر کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی. مالنگا نے اوور کی دوسری گیند پر مچل جانسن کو ایک سیدھی اور تیز یارکر کے ذریعے بولڈ کیا، تیسری گیند پر ایک فل ٹاس کے ذریعے جان ہیسٹنگز کو ایل بی ڈبلیو کیا اور اگلی ہی گیند پر برق رفتار یارکر کے ذریعے زاویئر ڈوہرٹی کی وکٹیں اکھاڑ پھینکیں. آخری رہ جانے والے بلے باز کو جیون مینڈس نے ٹھکانے لگایا اور یوں آسٹریلیا کی اختتامی پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 1 رنز کے اضافے سے گر گئیں.
دوسری جانب آسٹریلیا کے مائیکل کلارک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. کلارک نے پانچ مقابلوں کی سیریز میں سب سے زیادہ 242 رنز بنائے.
اس شاندار فتح کے باوجود میزبان سری لنکا کے لیے یہ ایک مایوس کن سیریز رہی جو ابتدائی دونوں اور پھر چوتھا ایک روزہ مقابلے میں ہزیمت آمیز شکست کے ساتھ سیریز ہار چکا تھا۔ اس لیے آخری ایک روزہ میں فتح بھی اس کے لیے کسی کام کی نہ رہی اور سیریز 3-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔
Comments
Post a Comment