لاہور ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے دونوں ممالک کی حکومتوں نے گرین سگنل دے دیا، دو طرفہ سیریز کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے ، سیریز کے شیڈول کیلئے بہترین دستیاب وقت تلاش کیا جا رہا ہے ، پاک بھارت سیریز کے انعقاد سے پی سی بی کو بے پناہ مالی فوائد حاصل ہوں گے ، دونوں ممالک کے عوام اپنے ہیروز کو ایک دوسرے کے مد مقابل کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ سیریز غیر جانبدار مقام پر ہی ہو گی تاہم آئی سی سی کے رکن ممالک تعاون کریں تو پاکستان میں جلد عالمی کرکٹ بحال ہو سکتی ہے ۔ بھارتی اخبار کو انٹرویو میں اعجاز بٹ نے کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کی حکومتوں نے دو طرفہ سیریز کے انعقاد کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے ۔ نئی دہلی میں بی سی سی آئی حکام سے مفید ملاقاتیں ہوئی ہیں جس کا فائدہ کرکٹ کو ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ سیریز کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے، ہم پاک بھارت سیریز کو ایشز کی طرف پر ہر سال منعقد کرانے کے خواہشمند ہیں کیونکہ ممالک کے عوام کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ سیریز کے شیڈول کیلئے بہترین دستیاب وقت تلاش کیا جا رہا ہے کیونکہ بھارتی ٹیم کا شیڈول انتہائی مصروف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سال کے آغاز میں بھارت جائے گی جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں پاکستان کیخلاف سیریز کھیلے گی ، اس کا فیصلہ بھی جلد ہو جائے گا، سبحان احمد آئی سی سی کے اجلاس میں اس حوالے سے بھارتی حکام سے بات چیت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد سے پی سی بی کو بے پناہ مالی فائدہ ہو گا کیونکہ ہم بڑی دیر کے بعد کوئی اہم سیریز منعقد کرا رہے ہیں جس میں سپانسرز کی تعداد لامتناہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اپنے ہیروز کو ایک دوسرے کے مد مقابل کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں، میں صرف پاک بھارت سیریز کے حوالے سے ہی بات کروں گا۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ پاک بھارت سیریز غیر جانبدار مقام پر ہی ہو گی تاہم آئی سی سی کے رکن ممالک تعاون کریں تو پاکستان میں بھی جلد عالمی کرکٹ بحال ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز بٹ نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا تاہم مشاورت جاری ہے، وقار یونس کی خدمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم ان کی صحت کا مسئلہ ہے، صحت یابی کے بعد ان کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، عبوری کوچ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے، سری لنکا کیخلاف سیریز سے قبل کوچ کی تقرری کا فیصلہ ہو جائے گا۔
Comments
Post a Comment