دورہ انگلینڈ، بھارتی شکست پر میڈیا برس پڑا

 لندن: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ کیخلاف چاروں ٹیسٹ میچوں میں شکست کی ذمہ داری بھارتی بلے بازوں پر عائد کر دی۔ اگر بیٹسمین اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کرتے تو انگلینڈ سے با آسانی جیتا جاسکتا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اچھی ٹیم ہے اور ان کو ہوم گرائونڈ کا فائدہ حاصل تھا جس کا انہوں نے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کیا۔ دھونی نے کہا کہ بھارتی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔ کھیل میں ہار جیت لگی رہتی ہے، بھارتی ٹیم کو اس وقت بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جس میں سب سے بڑا مسئلہ انجریز کا ہے۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑی مسلسل دوروں اور سخت شیڈول کے باعث انجریز کا شکار ہیں جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کرلے گا اور اس مقام کو حاصل کرنے کے لیے ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ جیت کیلئے  ضروری ہوتا ہے کہ ہر کھلاڑی اپنا کردار ادا کریں۔ افسوس ہے کہ دورہ انگلینڈ میں کسی کھلاڑی نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا اور بالخصوص بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ انگلینڈ سے شکست پر بھارتی میڈیا اپنی ٹیم پر برس پڑا اور ٹیم کو آڑھے ہاتھوں لیا۔ بھارتی میڈیا نے شکست پر بھارتی کپتان مہمندر سنگھ دھونی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کر دیا۔

Comments