یو ایس اوپن: راجر، وینس اور شرا پووا دوسرے راؤنڈ میں

نیویارک میں جاری سیزن کے آخری گرینڈ سلیم میں پیر کو پہلے دن کے مقابلوں میں وینس ولیمز، ماریا شراپووا اور راجر فیڈرر نے اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ پیر کو ہونے والے میچوں میں دو بار چیمپئن رہنے والی وینس ولیمز نے ویسنا ڈولونٹس کو با آسانی شکست دی، تاہم ماریا شرا پووا کو دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے کافی محنت کرنی پڑی۔ شرا پووا کا مقابلہ برطانیہ کی نوجوان کھلاڑی ہیدر واٹسن سے تھا۔ شرا پووا پہلا سیٹ تین، چھ سے ہاریں، دوسرے سیٹ میں ہیدر ایک، پانچ سے شکست کھا رہی تھیں لیکن انہوں نے یہ سیٹ پانچ، پانچ سے برابر کر دیا۔ تاہم شرا پووا نے اس کے بعد میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی اور میچ تین چھ، سات، پانچ اور چھ تین سے جیت لیا۔

Comments