بھارت کو ایک روزہ سیریز میں بھی شکست دینگے،بریسنن

لندن ۔ برطانوی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر ٹم بریسنن نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی طرح ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کریں گے ، ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد کھلاڑی کا مورال ہائی ہے اور وہ اس سیریز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک روزہ سیریز میں بھارتی کرکٹ ٹیم فیورٹ ہو سکتی ہے کیونکہ بھارت نے حال ہی میں ورلڈ کپ کا تاج اپنے نام کیا ہے تاہم بھارت کے لئے ہمیں ہمارے گھر میں شکست دینا انتہائی مشکل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ ہوم سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ٹیسٹ سیریز جیسی کارکردگی کو برقرار رکھا تو ہمارے لئے بھارت کو ایک روزہ سیریز میں مات دینا مشکل نہیں ہو گا۔ یاد رہے کہ بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے بھارت کو ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑا تھا ۔

Comments