انگلینڈ کی ٹیم کو ہارون لوگارٹ کا خراج تحسین

ین الاقوامی کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ نے برطانوی کرکٹ ٹیم کی تسلسل کے ساتھ شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ انگلش ٹیم نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میں بھی ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔اوول میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ایک اننگز اور آٹھ رنز سے فتح ملی۔ میچ کے بعد ہارون لوگارٹ نے کہا کہ جس تسلسل کے ساتھ انگلش ٹیم نے معیاری کرکٹ کھیلی اس پر وہ داد وتحسین کی مستحق ہے۔اوول ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 283 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور یوں وہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام سے بھی محروم ہوکر 117 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی۔ جنوبی افریقہ 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ انگلینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔اوول ٹیسٹ کے دوران انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کمزور بھارتی باؤلنگ لائن کے خلاف 591 رنز بنائے تھے۔ ای این بیل 235 جبکہ کیون پیٹرس 175 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے۔ جواب میں انگلینڈ نے بھارت کو 300 رنز تک محدود کرکے فالو آن کردیا۔بھارت کی جانب سے تجربہ کار راہول ڈراوڈ ہی کچھ مزاحمت کرسکے اور 146 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسی طرح جب بھارتی ٹیم دوبارہ بیٹنگ کرنے میدان میں اتری، تو معمولی مزاحمت کے بعد ایک مرتبہ پھر ان کے بلے باز کریز پر نہ ڈٹ سکے اور یکے بعد دیگرے پویلین کا رخ کرنے لگے۔ ریکارڈ ساز سچن تندولکر 91 جبکہ امیت مشرا 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے گریم سوائن نے بھارت کی دوسری اننگز میں چھ بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔میچ کے بعد منعقدہ تقریب میں انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے کہا، ’ دنیا کی بہترین ٹیم بننے کا عزم ہم نے گزشتہ ڈھائی سال سے کر رکھا تھا، اگرچہ ہم اس میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم پھر بھی ہم اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔‘آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ پر اب 31 اگست کو آسٹریلیا اور سری لنکا کی سیریز کے خاتمے پر نظر ثانی کی جائے گی۔ اس درجہ بندی کی سرفہرست ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر جبکہ دوئم کو 75 ہزار ڈالر ملتے ہیں۔ انعام کی یہ رقم ہر سال یکم اپریل کو تقسیم کی جاتی ہے۔

Comments