بھارت کے ساتھ سیریز کیلئے بات چیت جاری ہے، نئے کوچ کا فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، شعیب ملک نے کمیٹی کو مطمئن کیا جس کے بعد انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا،پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی ''رسجا'' کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو
اسلام آباد(سن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیریز کیلئے بات چیت چل رہی ہے تاہم ابھی کچھ بھی حتمی طور پر طے نہیں پایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی جانب سے دیئے جانے والے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر ندیم سرور بھی موجود تھے، اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے کھیلوں کے صحافیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ رسجا کے عہدیداران بھی موجود تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ وقار یونس اپنی صحت کی خرابی کے باعث عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں سبحان احمد کا کہنا تھا کہ دورہ زمبابوے کے بعد سری لنکا کیخلاف سیریز سے قبل نئے کوچ کے بارے میں فیصلہ کرلیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ اس وقت چیئرمین اعجاز بٹ بھی ملک سے باہر ہیں اور ان کے وطن واپس آنے کے بعد نئے کوچ کے بارے میں بات چیت کی جائے گی اور اس حوالے سے جو بھی بہتر کوچ کے طور پر سامنے آئے گا اسے یہ ذمہ داری سونپ دی جائے گی، انہوں نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے ہمیں اہل شخص کی تلاش ہے اور اس کے بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ چیئرمین اعجاز بٹ کے وطن واپس آنے پر کیا جائے گا، شعیب ملک کے دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم میں واپس آنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سابق کپتان آل رائونڈر شعیب ملک نے بورڈ کی جانب سے قائم کردہ اینٹگریٹی کمیٹی کو مکمل طور پر مطمئن کیا ہے جس کے بعد انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، کمیٹی نے بیرون ملک اکائونٹس کے بارے میں ان سے جو کچھ طلب کیا تھا وہ شعیب ملک نے پیش کیا جس کے بعد کمیٹی نے انہیں کلیئر کر دیا اور بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیم کا حصہ بنایا ہے، شعیب ملک کے ٹیم میں آنے سے ٹیم مضبوط ہو جائے گی خاص طور پر بیٹنگ کے شعبے میں بہتری آئے گی، سبحان احمد کا کہنا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں کھیلوں سے وابستہ صحافی ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار بخوبی ادا کرتے رہیں گے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے صحافی کی جانب سے مثبت تنقید کو ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے، سبحان احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں اور آئندہ بھی انگلش میدانوں پر ہم اپنی ہوم سیریز کا انعقاد کراسکتے ہیں۔تقریب کے آخر میں رسجا کے عہدیداران نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور جنرل منیجر میڈیا ندیم سرور کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
Comments
Post a Comment