قومی ٹیم دورہ زمبابوے میں کلین سویپ کریگی



لاہور: سابق کپتان ظہیر عباس نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کلین سویپ کرے گی۔ نوجوان فاسٹ بائولر وہاب ریاض کو آرام دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم مضبوط ہے۔ اس لئے پاکستان کو با آسانی یہ سیریز جیت لینی چاہیے۔ زمبابوے نے بنگلہ دیش کو شکست ضرور دی ہے لیکن بنگلہ دیش اور پاکستان میں بڑا فرق ہے۔ پاکستانی ٹیم کا بنگلہ دیش سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے پاکستان کامیابی حاصل کرے گا۔ مصباح الحق نے سیریز سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو خبردار کر کے ٹھیک کیا ہے پاکستانی کرکٹرز کو کسی بھی طرح سیریز کو آسان سمجھ کر نہیں کھیلنا چاہیے۔ اگر خدانخواستہ پاکستان سیریز ہار گیا تو پھر اس کے پاکستانی کرکٹ پر منفی اثرات پڑیں گے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان کی بائولنگ لائن کمزور دکھائی دیتی ہے۔ وہاب ریاض کو کیوں آرام دیا گیا اس کی وجہ محسن خان ہی بتا سکتے ہیں۔ لیکن وہاب ریاض نوجوان بائولر ہیں انہیں دورے پر جانا چاہیے تھا۔ سہیل تنویر تجربہ کار بائولر ہیں۔ ان کی کارکردگی بھی سیریز میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Comments