بھارتی کھلاڑیوں کو ’ڈونکی‘ کہنے پر احتجاج

ناصر حسین
بھارت کے کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انگلینڈ میں ٹی - 20 میچ کے دوران کامنٹیٹر ناصر حسین کے ذریعے بعض بھارتی کھلاڑیوں کو ’ڈونکی‘ (گدھا ) کہے جانے پر اعتراض کیا ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کامنٹیٹر ناصر حسین نےگزشتہ بدھ کو مانچسٹر میں کھلیے جانے والے ٹی - 20 میچ کے دوران یہ تبصرہ کیا تھا۔ان کا یہ ریمارک اس وقت آیا جب بھارت کے گیند باز مناف پٹیل کی ایک گیند پر پارتھیو پٹیل کیون پیٹرسن کا کیچ نہیں لے سکے۔
ناصر نے بھارت کی خراب فیلڈنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا ’دونوں ٹیموں کے درمیان جو فرق ہے وہ فیلڈ نگ کا ہے۔ انگلینڈ کی فیلڈنگ ہر طرح سے اچھی ہے۔ میرا خیال ہے کہ انڈین ٹیم میں تین یا چار بہترین فیلڈرز ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ ایک دو ڈونکیز بھی ہیں۔انگریزی میں غالباً اس جملے سےان کی مراد بعض کھلاڑیوں کی سست روی سے تھی۔ لیکن بھارت کے میڈیا میں یہ کامنٹ آنے کے بعد ناصر کا یہ ریمارک متنازعہ بن گیا ہے۔بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ اگرچہ انہیں اس کے بارے میں میڈیا سے معلوم ہوا ہے لیکن اگر ناصر حسین نے ایسا کہا ہے تو بی سی سی آئی اس معاملے کو دیکھےگا۔مسٹر شکلہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’اس طرح کےریمارکس نامناسب ہیں۔ سبھی کھلاڑیوں کو عزت دینی چاہیے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی ایک الگ معاملہ ہے۔ کسی کو ڈونکی کہنا مناسب نہیں ہے۔ اور کامنٹیٹرز کو اس طرح کے ریمارکس سے بچنا چاہیے۔‘سابق کھلاڑی ارون لال نے ناصر حسین کے ریمارکس کو ’تکلیف دہ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اس سے کھلاڑیوں کی شبیہ خراب ہونے کے بجائے خود ناصر حسین کی امیج خراب ہوئی ہے۔‘بھارت کے میڈیا میں ناصر کے تبصرہ پرتنقید کی گئی ہے اور بعض کامنٹیٹرز اور سابقہ کھلاڑی ناصر حسین سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس پہلے ایک بار کامنٹری کے دوران بھارتی کامنٹیٹر اور بی سی سی آئی کے اہلکار روی شاستری کے درمیان بحث و تکرار ہو ئی تھی۔بھارت کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے پر ہے اور اسے حال میں اختتام پزیر ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں صفر کے مقابلے چار سے شرمناک شکست ہو ئی ہے۔ بھارتی ٹیم گزشتہ بدھ کو پہلے ٹی – 20 میچ میں بھی بری طرح ہاری تھی۔

Comments