بھارت کیخلاف فائنل میں نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے، خواجہ جنید

 ارڈوس(سن)پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف فائنل میں ہمیں سخت چیلنج کا سامنا ہوگا۔ لیگ کے آخری میچ میں دبائو بھارت پر تھا جبکہ فائنل میں دونوں ٹیمیں دبا ئومیں ہونگی۔یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل کی حکمت عملی لیگ میچوں سے مختلف ہوتی ہے اور ہم نئی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جمعے کو کھیلے گئے میچ میں آخری 20منٹ میں بھارتی ٹیم فارم میں نظر آئی۔ ہمارے کھلاڑی دو گول کی برتری کے بعد تھوڑا ریلیکس ہوگئے تھے اور یہ صورت حال ہمارے لئے نقصان دہ بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بھارت کو شکست دے دیتا تو پھر فائنل میں ہمیں جاپان سے مقابلہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ فائنل میں فتح حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعے کو کھیلے گئے میچ میں ہمارے کھلاڑیوں نے گول کے مواقع ضائع نہیں کئے جو خوش آئند بات ہے، مقابلہ بہت زیادہ سخت تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ایک پینلٹی کارنر ملا جس پر ہم گول کرنے میں کام یاب رہے۔ انہوں نے کہا فائنل میں ہم نئے جذبے اور عزم کے ساتھ میدان میں آئیں گے اور قوم کی دعائوں سے انشا اللہ کامیابی کے ساتھ وطن واپس آئیں گے۔

Comments