جدیجا متبادل کے طور پر طلب کیے گئے چوتھے کھلاڑی ہیںٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانے کے بعد اہم کھلاڑیوں کی انجریز نے بھارت کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور اسے سیریز کے اگلے مرحلے یعنی ٹی ٹوئنٹی و ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اب بھارت کے نائب کپتان گوتم گمبھیر کے پوری سیریز سے باہر ہو جانے کے بعد آل راؤنڈ رویندر جدیجا کو طلب کر لیا ہے جبکہ گمبھیر کی جگہ سریش رائنا کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا۔
ٹیسٹ سیریز کے دوران کندھے، پھر کہنی اور آخری میں سر کی انجری کا شکار ہونے والے گمبھیر ایک روزہ مرحلے سے باہر ہو گئے ہیں۔ اوول میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ کے دوران وہ پیچھے ہوتے ہوئے ایک کیچ لینے کی ناکام کوشش کے دوران سر میں چوٹ کھا بیٹھے تھے۔ جس کی وجہ سے وہ دونوں اننگز میں اوپننگ بھی نہیں کر پائے اور بعد ازاں انہیں محدود اوورز کے مرحلے سے باہر کر دیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سر میں چوٹ لگنے کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر ان کا سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین کرا لیا گیا ہے جس کے مطابق ان کے سر اور گردن میں کوئی شدید چوٹ نہیں ہے۔ تاہم انہیں آرام اور تکلیف سے بحالی کی خاطر سیریز سے باہر کیا گیا ہے۔ کیونکہ وہ نظر آنے میں دشواری اور زیادہ دیر تک کسی چیز پر توجہ مرکوز رکھنے میں مشکل پیش آنے کی شکایت کر رہے ہیں۔
ان کی جگہ طلب کیے گئے رویندر جدیجا نے آخری مرتبہ دسمبر 2010ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ مین بھارت کی نمائندگی کی تھی اور بعد ازاں دورۂ جنوبی افریقہ اور عالمی کپ 2011ء کے لیے نظر انداز کر دیے گئے تھے۔
گمبھیر بھارت کے زخمی ہونے والے چوتھے صف اول کے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل ظہیر خان، ایشانت شرما اور وریندر سہواگ مختلف وجوہات کی بناء پر سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان تینوں کھلاڑیوں کی جگہ بالترتیب رودرا پرتاب سنگھ، ورون آرون اور اجنکیا راہانے کو طلب کیا گیا ہے۔

Comments