افغانستان نے رواں سال مئی میں پاکستان کا دورہ کیا اور فیصل آباد میں تین ایک روزہ مقابلے کھیلے تھےافغانستان کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کی ٹیم رواں ماہ شروع ہونے والے پاکستان کے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان ضرور آئے گی۔
فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ رواں ماہ کی 25 تاریخ سے پاکستان کے شہر لاہور میں شروع ہو رہا ہے، جو اس وقت مچھر سے پھیلنے والے وبائی مرض ڈینگی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد ہسپتالوں میں مقیم ہیں۔ اس وباء کی وجہ سے قومی سطح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں حتیٰ کہ قومی ذرائع ابلاغ میں یہ تک خبریں آ چکی ہیں کہ افغانستان کی ٹیم، جسے پہلی بار قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع ملا ہے، نے لاہور میں انعقاد کی صورت میں ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں کرک نامہ نے سنیچر کو افغانستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینیجر طارق نعیم سے رابطہ کیا جنہوں نے ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لازماً شرکت کرے گی چاہے اس کا انعقاد منصوبے کے مطابق لاہور ہی میں کیوں نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈینگی سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اپنے کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا ہے اور امید ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں بھرپور کارکردگی دکھائے گی۔
افغانستان کرکٹ ٹیم دو سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی قومی ٹیم بنی تھی جب اس نے مئی کے مہینے میں 3 ایک روزہ مقابلے کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اب قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھی افغانستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے اور کل ملا کر 14 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
افغانستان کے علاوہ ٹورنامنٹ میں مندرجہ ذیل ٹیمیں شریک ہوں گی:
کراچی ڈولفنز، کراچی زیبراز، لاہور لائنز، لاہور ایگلز، سیالکوٹ اسٹالینز، اسلام آباد لیپرڈز، ایبٹ آباد فیلکنز، راولپنڈی ریمز، ملتان ٹائیگرز، کوئٹہ بیئرز، فیصل آباد وولفز، پشاور پینتھرز اور حیدرآباد ہاکس۔

Comments