فائنل میں بھارت کیخلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا ہوگا، سابق اولمپیئنز
کراچی(سن)سابق ہاکی اولمپینز نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کو فائنل میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا ہوگا۔ سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا ہے کہ لیگ میچ میں پاکستان کی 50 منٹ تک برتری کے باوجود کامیاں حاصل نہ کرنا آخری لمحات میں کھلاڑیوں کے ریلیکس ہونے کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ فائنل میں پاکستانی ٹیم پر روایتی حریف کا دباو ہوگا، سابق کپتان اور چیف سلیکٹر حسن سردار نے کہا کہ فائنل میں پہنچنا خوش آئند ہے، جونیئر کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی امید رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، کھلاڑیوں کو فائنل میں سخت محنت کرنا ہوگی، سابق اولمپین گول کیپر قمر ضیا نے کہا کہ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لیگ میچ میں بھارت کو ہرانا چاہئے تھا، برابر کھیل کر پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچنے کے باوجود دباو کا شکار ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم کے خلاف پاکستانی ٹیم کو فتح کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیلی کارنر پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ سابق اولمپین دانش کلیم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیت لے گی، سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد علی نے کہا کہ پاکستان ٹرافی جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سابق اولمپین افتخار سید نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم قوم کو خوشی دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

Comments