پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے 7 روز میں تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔
جاوید میانداد نے پاکستان کے معروف انگریزی اخبار 'ڈان' کو دیے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں 90 فیصد فیصلے غلط ہو رہے ہیں، اور کرکٹ کا حلیہ بگاڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر ہونے کے باوجود بورڈ کی کسی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں ہیں، ان سے نہ تو مشاورت کی جاتی ہے اور نہ ہی کام کرنے کی آزادی دی جاتی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ وہ صورتحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن صدر آصف علی زرداری کو مطلع کر چکے ہیں اور جلد قومی کرکٹ کی زبوں حالی بتانے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے۔
روزنامہ ڈان میں شایع ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر جاوید میانداد سے بیان کی تحریری وضاحت طلب کی ہے۔ اگر جاوید اس کی وضاحت نہیں کرتے تو عین ممکن ہے کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ ویسے بھی چیئرمین اعجاز بٹ اور اُن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
Comments
Post a Comment