زمبابوے: محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ

پاکستان اور زمبابوے کے مابین کھیلے جانے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ایک سو سولہ رنز بنائے ہیں۔اس سے پہلے زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جمعرات کو زمبابوے کے شہر بلاؤیو میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کی اننگز کی خاص بات اوپنر محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انہوں نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست اناسی رنز بنائے ہیں۔ان کا ساتھ دینے کے لیے اظہر علی کریز پر موجود ہیں جنہوں نے ستائیس رنز بنائے ہیں۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ایک سو آٹھ رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی توفیق عمر تھے جو چار رنز بنا کر جاروس کی گیند پر ایک بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیئے گئے۔زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔زمبابوے کی طرف سے اوپنر ماووئیو نے ایک سو تریسٹھ رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔پاکستان کی طرف سے سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل خان اور جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ اورجنید خان جب کہ زمبابوے کی جانب سے جی اے لیمب اپنے کیرئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان جمعرات سے شروع ہونے ٹیسٹ سیریز کا واحد ٹیسٹ ہے۔پاکستان کی ٹیم: محمد حفیظ، توفیق عمر، اظہر علی، یونس خان،مصباح الحق، عمر اکمل، عدنان اکمل، جنید خان، سہیل خان، سعید اجمل اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔زمبابوے کی ٹیم: مساکدزا، ٹیلر، ٹائبو، اروائن، لیمب، پرائس،ویٹوری،جاروس،ماپوفو، ماووئیو اور سیبانڈا شامل ہیں۔

Comments