عامر کو اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف پہلے کرلینا چاہیے تھا،آفریدی

کراچی: شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف پہلے کرلینا چاہیے تھا۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلی سے ان کی واپسی کا ماحول بن رہا ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف پہلے کرلینا چاہیے تھا اگر وہ پہلا ایسا کرتے تو فیصلہ مختلف ہوتا اور ان کی سزا میں نرمی ہوسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے حالات بہتر ہور ہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وقار یونس اور انتخاب عالم جاچکے ہیں ایک ڈیڑھ مہینے میں ان کی ٹیم میں واپسی کے لیے بتدریج ماحول بن رہا ہے۔ آفریدی نے امید ظاہر کی کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔شاہد آفریدی نے بتایا کہ ڈینگی کے سبب کھلاڑیوں میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت سے خوف ہے لیکن امید ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی پر جلد قابو پالے گی۔

Comments