ٹینس: وینس ولیمز یو ایس اوپن سے دستبردار

سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی وینس ولیمز بیماری کے باعث نیویارک میں جاری ٹینس کے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن سے دستبردار ہوگئی ہیں۔امریکی ٹینس کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے دوسرے راؤنڈ کا میچ شروع ہونے سے ایک گھنٹے قبل میچ میں شرکت سے معذرت کر لی۔ میچ سے دستبرداری کی وجہ انہوں نے کچھ عرصے لاحق بیماری بتائی ہے۔ وینس کا دوسرے راؤنڈ کا میچ جرمنی کی کھلاڑی زابینے لسیکی کے خلاف تھا۔ وینس کی دستبرداری کے بعد لسیکی یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔وینس ولیمز کی یو ایس اوپن سے دستبرداری کی خبر امریکی عوام پر بجلی کی طرح گری۔ وینس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ’’میں کچھ عرصے سے ایک بیماری کا شکار ہوں، جس کی وجہ سے میری توانائی میں کمی واقع ہو رہی ہے اور میں تھکاوٹ محسوس کرتی ہوں۔‘‘ خدشہ ہے کہ وینس کی بیماری ان کے کیرئیر کا اختتام بھی کر سکتی ہے۔وینس ولیمز نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ علاج کے بعد جلد ٹینس کے مقابلوں میں دوبارہ شمولیت اختیار کریں گی، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ وہ شاید اب اپنے عروج کے زمانے کی کارکردگی پیش نہ کر سکیں۔ وینس کی عمر اکتیس برس ہے اور انہوں نے پچھلے تین برس میں کوئی گرینڈ سلیم نہیں جیتا۔وینس ولیمز اور سیرینا ولیمز ٹینس کی دنیا کی تاریخ ساز بہنیں ہیں۔ وینس نے سنگل مقابلوں میں سات گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز گرینڈ سلیمز ملا کر یہ تعداد اکیس ہے۔

Comments