سابق کرکٹر اظہرالدین کے بیٹے کا انتقال

سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور رکن پارلیمان محمد اظہرالدین کے بیٹے ایاز الدین انتقال کر گئے ہیں۔ ایازالدین کی عمر انیس برس تھی۔ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر تھے اور حیدرآباد کی جونیئر ٹیم کے لیے کھیلتے تھے۔ پانچ روز قبل حیدرآباد کی رنگ روڈ پر اپنے پھوپھی زاد بھائی اجمل کے ساتھ موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اجمل کی عمر سولہ سال تھی اور انہوں نے حادثے کے کچھ ہی دیر بعد دم توڑ دیا تھا۔ اظہرالدین اتر پردیش کے مراد آباد حلقے سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ انہوں نے عید کے موقع پر اپنے بیٹے ایازالدین کو ایک ہزار سی سی کی سپورٹس موٹر سائیکل تحفے میں دی تھی۔ حادثے کے بعد سے ایازالدین حیدرآباد کے ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ڈاکٹر ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتا رہے تھے۔ ان کے سر میں شدید چوٹیں آئیں تھیں اور ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کے گردوں سمیت بہت سے اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اظہرالدین کے پہلی بیوی نورین سے دو بیٹے ہیں اور ایاز الدین ان میں سے بڑے تھے۔ حادثے کے وقت اظہر لندن میں تھے۔ پہلے یہ اطلاعات ملیں تھیں کہ اجمل کے گھر والوں نے ایاز الدین کے خلاف کیس درج کرایا ہے لیکن بعد میں دونوں خاندانوں کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں اس خبر کی تردید کی گئی تھی۔

Comments