نیویارک: اعصام اور بوپنا دوسرے راؤنڈ میں

اعصام نے گزشتہ برس یو ایس اوپن کا مینز اور مکس ڈبلز فائنل کھیلا تھا
سنہ دو ہزار گیارہ کے آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں پاکستان کے اعصام الحق اور بھارت کے روہن بوپنا نے ڈبلز مقابلوں میں اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلے گئے میچ میں اعصام اور بوپنا کی جوڑی نے امریکہ کے ربی گنیپری اور ران ولیمز کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دی۔
پاک بھارت جوڑی نے پہلا سیٹ چھ ایک سے جیتا تاہم دوسرے سیٹ میں انہیں چھ دو سے شکست ہوئی۔
تیسرے سیٹ میں اعصام اور روہن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور چھ دو سے یہ سیٹ جیت کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
اس جوڑی نےگزشتہ برس مینز ڈبلز مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ اعصام الحق نے مکسڈ ڈبلز کا فائنل بھی کھیلا تھا تاہم دونوں فائنل مقابلوں میں انہیں شکست ہوئی تھی۔
ادھر بھارت کی ثانیہ مرزا ٹورنامنٹ کے سنگلز مقابلوں میں اپنا پہلا ہی میچ ہار کر مقابلے سے باہر ہوگئیں۔ پہلے راؤنڈ کے میچ میں انہیں اسرائیلی کھلاڑی نے سات چھ، چھ تین اور چھ ایک کے سکور سے شکست دی۔

Comments